لاہور : ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی حکومت پر رہنما مسلم لیگ حمزہ شہباز کے علاج میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام لگا دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے فرزند اور رہنما مسلم لیگ نواز حمزہ شہباز کے علاج سے متعلق ترجمان مسلم لیگ نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کے علاج میں مجرمانہ غفلت برتی گئی اور اب وہی کچھ حمزہ شہباز کے ساتھ ہورہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کے علاج میں رکاوٹ ڈالی جارہی ہے، فسطائی حکومت نے کم ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حمزہ شہباز کی جیل سے اسپتال منتقلی کی درخواست وصول نہ کی۔
ترجمان مسلم لیگ نواز نے کہا کہ سیاسی مخالفین کی صحت اور زندگی پر سیاست قابل مذمت ہے، حمزہ شہباز پر کوئی آنچ آئی تو وزیر اعظم ذمہ دار ہوں گے، حکمران نوازشریف کو بھی وطن لاکر ان کی زندگی سے کھیلنا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد ان کی پارٹی کی جانب سے خدشات کا اظہار بھی کیا گیا تھا۔ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے سے ایک روز قبل حمزہ شہباز نے اپنے والد شہبازشریف سے بھی ملاقات کی تھی۔