لاہور : قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے عوامی بے زاری کی اس لہر کی قیادت نہ کی تو یہ لاوا کسی اور طرح بھی پھٹ سکتا ہے۔
پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا جاری بیان میں کہنا ہے کل ایک تاریخی مگر نتیجہ خیز سیاسی اجتماع ہوگا، چیئرمین بلاول بھٹو کی میزبانی میں اے پی سی قومی سیاست میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اے پی سی کیخلاف وزراء کے بیانات ان کی قبل ازوقت بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتے ہیں۔ حکومت کے غیر جمہوری اور فاشسٹ طرز عمل نے اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہونے پر اکسایا۔
پی پی رہنما نے کہا کہ وکلاء، سول سوسائٹی مزدور، کسان، طلباء، صحافی اور تاجر سب اس حکومت سے تنگ آ چکے ہیں۔ سیاسی جماعتوں نے عوامی بے زاری کی اس لہر کی قیادت نہ کی تو یہ لاوا کسی اور طرح بھی پھٹ سکتا ہے۔