نئی دہلی : اہلیہ سے معمولی تنازعے کے بعد شوہر موبائل ٹاور پر چڑھ گیا،ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع مراد آباد میں ایک شخص بیوی سے جھگڑنے کے بعد موبائل ٹاور پر چڑھ گیا، بعدازاں مقامی حکام کی جانب سے اس شخص کو قائل کرلیا گیا اور وہ نیچے اتر آیا۔
مقامی حکام نے جب تیجپال سنگھ نامی شخص سے پوچھ گچھ کی تو اس کا کہنا تھا کہ بیوی اسے جھوٹے مقدمات میں پھنسانا چاہتی ہے اور پولیس بھی اس کی بات نہیں سن رہی ہے۔
تیجپال سنگھ کا کہنا تھا کہ میں اپنی بیوی سے تنگ آچکا ہوں، وہ مجھ پر جھوٹے مقدمات درج کروانے پر تلی ہوئی ہے، پولیس میری بات نہیں مان رہی ہے میں بس اس رشتے سے جان چھڑانا چاہتا ہوں۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ تیجپال سنگھ اور اس کی بیوی دونوں کی دوسری شادی ہے، ان دونوں کے درمیان کسی بات پر بحث ہوئی تھی جس کی وجہ سے وہ ٹاور پر چڑھ گیا تھا اور اسے جلد ہی ٹاور سے نیچے آنے پر راضی کرلیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ رواں سال مئی میں اترپردیش کے ضلع فیروز آباد کا رہائشی شخص موبائل ٹاور پر چڑھ گیا تھا، ٹاور سے اترنے کے بعد جب اس سے پوچھا گیا تو اس کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھر کے اندر رہ کر تھک چکا تھا اور تازہ ہوا کی خاطر موبائل ٹاور پر چڑھ گیا تھا۔