اسلام آباد : دفتر خارجہ نے پاکستانی افواج کے آذربائیجانی فوج کے ہمراہ لڑنے کو افواہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مزید کشیدگی سے بچنے کیلئے آرمینیا فوجی کارروائی بند کرے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں پاکستانی فورسز کے آذری فوج کے ہمراہ جنگ میں شریک ہونے کی خبروں کو افواہیں قرار دیا ہے، ناگورونو کاراباخ کی صورتحال پر پاکستان کو گہری تشویش ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ آذربائیجانی شہری آبادی پر آرمینیا کی بھاری شیلنگ نہایت افسوسناک ہے، ناگورونوکاراباخ کی صورتحال سے خطے کے امن کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مزید کشیدگی سے بچنے کےلیے آرمینیا فوری پر فوجی کارروائی بند کرے، ناگورونوکاراباخ پر آذربائیجان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ وسطی ایشیائی ممالک آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان گزشتہ ایک ہفتے سے شدید خونی جھڑپیں جاری ہیں جس میں سویلین سمیت 100 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔