باکو/یریوان : آذربائیجان نے متنازعہ کاراباخ ریجن کے مزید سات علاقوں پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کردیا، جس پر آذری صدر نے فوجی کمانڈر کو فوج باد بھی پیش کی۔
تفصیلات کے مطابق وسطی ایشیائی ممالک آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان گزشتہ ایک ہفتے سے شدید جھڑپیں جاری ہیں جس کی وجہ متنازعہ ریجن نگورنوکاراباخ ہے۔
میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین جھڑپوں میں تیزی آچکی ہے اور جنگ ایرانی سرحد تک پہنچ چکی ہے، اس دوران آذربائیجان کی افواج نے کاراباخ کے مزید 7 علاقوں پر کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
مزید علاقے قبضے میں لینے کے بعد آذربائیجان کے صدر نے ملٹری کمانڈر کو مبارک باد دی، اور آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں شہریوں نے سڑکوں پر نکل کر جشن منایا۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان 8 روز سے جاری جھڑپوں میں اب تک 230 سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کاراباخ ریجن میں فریقین نے ایک دوسرے کو بھاری نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے۔
آرمینیائی وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ ان کے ملک کو ’فیصلہ کن لمحے‘ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ کاراباخ میں آرمینیائی اور آذری افواج کے مابین لڑائی تیز ہوتی جا رہی ہے۔