میرا خاندان تباہ ہو چکا ہے : ریا چکرورتی کی والدہ کی دہائی
اداکارہ ریا چکرورتی کی والدہ سندھیا کا کہنا ہے جب ان کے دونوں بچے جیل میں تھے تو نہ انھیں نیند آتی تھی اور نہ ہی بھوک لگتی تھی اور اُن کا کھانا پینا چھوٹ گیا تھا۔
سندھیا چکرورتی کا کہنا ہے کہ وہ اتنی زیادہ مضطرب تھیں کہ ان کے ذہن میں خود کشی کے خیال آنے لگے تھے۔
دی ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریا کی والدہ کا کہنا ہے کہ ان کا خاندان تباہ ہو چکا ہے اور انھیں ہمیشہ یہ خوف لگا رہتا ہے کہ آگے کیا ہو گا؟
سندھیا کا کہنا ہے کہ کئی بار ان کے دل میں اپنی جان لینے کا خیال بھی آیا لیکن ایسے میں وہ اپنے بچوں کے بارے میں سوچتی رہیں جو اس وقت بُرے دور سے گزر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا ہے کہ جب سے ان کے بچوں کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے رکھا گیا تھا تب سے وہ صحیح طور پر کھانا نہیں کھاتی تھیں اور یہ سوچ کر بستر پر نہیں سو رہی تھیں کہ ان کے بچے جیل میں ہیں۔
بدھ کے روز ممبئی ہائی کورٹ نے ریا کو منشیات سے متعلق الزامات میں ضمانت دی ہے اور ریا ایک ماہ جیل میں گزارنے کے بعد گھر واپس آئی ہیں۔ انھیں ستمبر میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے گرفتار کیا تھا۔