کراچی : مولانا عادل خان کے قتل سے متعلق پولیس حکام نے کہا ہے کہ قمیض شلوار میں ملبوس شخص نے پیدل آکر نشانہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں قتل ہونے والے جامعہ فاروقیہ کے مہتمم ڈاکٹر عادل خان کے قتل سے متعلق کی گئی تحقیقات سے متعلق پولیس حکام نے کہا ہے کہ جائے وقوع سے گولیوں کے 5 خول ملے، فرانزک کیلئے بھجوا دیئے۔
پولیس حکام کے مطابق لواحقین کے ساتھ رابطے میں ہیں، مشاورت کے بعد مقدمہ درج ہوگا، ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد تین تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزمان موٹر سائیکلوں پر فرار ہوئے، ملزمان جہاں فرار ہوئے ان علاقوں کی سی سی ٹی وی جائزہ لیا جارہا ہے، ممکنہ طور پر ملزمان پہلے سے مولانا ڈاکٹر عادل خان کی ریکی کرچکے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں محفوظ مولانا کے بیٹے انس سے معلومات لی جائیں گی اور ابتدائی طور پر واقعی فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ شام ڈاکٹر مولانا عادل خان کو شاہ فیصل کالونی میں شمع شاپنگ سینٹر کے سامنے نامعلوم افراد فائرنگ کرکے ڈرائیور سمیت قتل کردیا تھا۔