نئی دہلی : معمولی سی تلخی پر ڈیڑھ سال سے گھر کے بیت الخلا میں قید خاتون کو پولیس نے بازیاب کرالیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست ہریانہ کے علاقے پانی پت میں درندہ صفت شوہر نے 35 سالہ بیوی کو ڈیڑھ سال سے 9 اسکوائر فٹ کے باتھ روم میں قید کر کے رکھا ہوا تھا۔
پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو بازیاب کراکے شوہر کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے کیونکہ کئی روز سے بھوکی رہنے کے باعث انتہائی کمزور اور لاغر ہوگئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق شوہر نے 18 ماہ قبل تلخ کلامی کے بعد خاتون کو باتھ روم میں بند کردیا۔
پولیس حکام نے بتایا جس باتھ روم میں خاتون کو قید کیا گیا تھا وہ جگہ تین بائی تین فٹ کے رقبے پر مشتمل ہے۔
رپورٹ کے مطابق خاتون کی شادی 17 سال قبل ہوئی جس کے بعد اُن کے ہاں تین بچوں کی پیدائش ہوئی جن کی عمریں گیارہ سے پندرہ سال کے درمیان ہیں۔
پولیس کو تفتیش کے دوران ملزم نے بیوی کو بند کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اہلیہ ذہنی مریضہ ہیں اور وہ الٹی سیدھی حرکتیں کرتی تھیں جس کی وجہ سے مجبوراً بند کرنا پڑا۔