گجرات : پنجاب پولیس کے مبینہ تشدد کا نشانہ بننے والا نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے صوبہ پنجاب میں پولیس تشدد کے واقعات بڑھتے ہی جارہے ہیں، آئے روز پولیس اہلکار اپنے اختیارات و طاقت کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے کسی نہ کسی کا اجاڑ رہے ہیں۔
پنجاب کے شہر گجرات میں پولیس پر تشدد سے نوجوان کی موت کا الزام لگایا جارہا ہے، نوجوان کی لاش کھاریاں اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کھاریاں اسپتال کا میڈیکل بورڈ مبینہ پولیس تشدد سے مرنے والے نوجوان کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرے گا۔
ورثا نے الزام عائد کیا ہے کہ گجرات پولیس نے بغیر مقدمہ درج کیے سخاوت کو گرفتار کیا تھا اور اسے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
یاد رہے کہ کچھ ماہ قبل لاہور میں پولیس تشدد سے ہلاک ہونے والے 25 سالہ عامر مسیح کو 28 اگست کو چوری کے الزام میں تھانہ شمالی چھاؤنی بلایا گیا تھا جہاں 4 روز تشدد کرنے کے بعد 2 ستمبر کو نازک حالت میں صدر کینٹ کے اسپتال پہنچایا گیا تھا۔
عامر مسیح نے سروسز اسپتال میں دم توڑا تھا، جس کے بعد ورثا نے جیل روڈ پر پولیس کے خلاف شدید احتجاج کیا تھا۔