نئی دہلی : بھارتی فورسز نے غلطی نے سرحد پار کرنے والے ذہنی معذور پاکستانی شہری کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں گرفتار کئے جانے والے شخص کا نام مشتاق بتایا جا رہا ہے جبکہ مذکورہ شخص کا ذہنی توازن بھی درست نہیں جو غلط سے قصور کے قریب حسینی والا کے مقام پر بھارتی سرحد عبور کرکے بھارتی پنجاب پہنچ گیا۔
مشتاق بھارتی سرحد عبور کر کے دو سو میٹر دور بھارتی علاقے میں چلا گیا تھا جہاں بھارتی سیکیورٹی فورسز نے اسے للکارا لیکن مشتاق کو اس بات کا علم نہیں تھا کہ وہ بھارتی علاقے میں پہنچ چکا تھا۔
اس کی تلاشی کے دوران اس کی جیب سے پانچ ہزار پانچ سو پاکستانی روپے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
مشتاق پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ بھارتی علاقے میں لگائی گئی باڑ کے اندر سے ہوتا ہوا فیروز پور کی طرف جانے کی کوشش کر رہا تھا۔
فوج نے ابتدائی تفتیش کے بعد اسے فیروزپور پولیس کے حوالے کر دیا ہے جبکہ اس کے بارے میں پاکستانی حکام کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔