بغداد : دوسری شادی کی خواہش پوری کرنے کےلیے بینک نے ایک کروڑ دینار بطور قرض دینے اسکیم شروع کردی، جس کا مقصد عقد ثانی کو فروغ دینا ہے۔
جن لوگوں کو دوسری شادی کرنے کی خواہش ہے تو وہ اب اس کا ارادہ کرلیں کیونکہ ایسا کرنے پر انھیں 8 ہزار 400 امریکی ڈالر (13 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) ملیں گے جو تقریباً ایک کروڑ عراقی دینار بنتے ہیں۔
یہ اسکیم عراق کے الرشید بینک نے اپنے ملازمین کے لیے نکالی ہے، جنہیں دوسری شادی کرنے پر بطور قرض بلا استثنیٰ دی جائے گی لیکن اس کے لیے بینک کا مستقل ملازم ہونا ضروری ہے اور ملازمت کا دورانیہ بھی دو سال ہوچکا ہو۔
معروف بینک الرشید نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہر شخص کو دوسری شادی پر بینک سے 8 ہزار 400 امریکی ڈالر کا قرضہ ملے گا۔
بینک نے ساتھ میں یہ بھی شرط رکھ دی کہ دوسری شادی کرنے اور قرض لینے والے ملازم نے پہلی شادی کےلیے قرض نہ لیا ہو۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عراقی بینک نے اس اسکیم کا آغاز اس لیے کیا ہے کیونکہ عراقی نوجوانوں میں شادی کا رجحان کم ہوتا جارہا ہے، جس کی وجہ خراب معاشی حالات ہیں اور معاشی حالات کی بہتری کیلئے نوجوان بیرون ملازمت کو ترجیح دیتے ہیں۔
مذکورہ حالات کے باعث عراق میں معمر کنواری خواتین کی شرح 70 فیصد تک پہنچ گئی ہے، واضح رہے کہ عراق میں کنواری خواتین کی اصطلاح 35 سال سے زائد عمر کی ایسی خواتین کیلئے استعمال کی جاتی جن کی شادی نہ ہوئی۔