بیجنگ : چین میں زہریلا سوپ پینے سے ایک ہی خاندان کے نو افراد موت کی نیند سو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سوپ پینے سے ہلاک ہونے کا افسوسناک واقعہ چین کے صوبے ہیلونگجیانگ میں پیش آیا جہاں متاثرہ خاندان نے فریزر میں رکھا نوڈلز سوپ پیا جو ان کی موت کا باعث ثابت ہوا۔
نوڈلز سوپ گھر پر تیار کیا گیا تھا اور ایک سال سے فریج میں رکھا تھا، فیملی ممبر نے سوپ فریج سے نکال کر تمام گھر والوں کو پلایا تو ان کی حالت غیر ہوگئی۔
متاثرہ افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 7 افراد دوران علاج دم توڑ گئے جبکہ فیملی کے دیگر 2 افراد دو روز قبل چل بسے۔
پولیس کے مطابق فیملی 12 افراد پر مشتمل تھی اہلخانہ کے دیگر 3 افراد نے سوپ بدذائقہ ہونے کی وجہ سے اسے پینے سے انکار کردیا تھا جس کے سبب ان کی زندگی بچ گئی۔
چینی ہیلتھ کمیشن نے گزشتہ دنوں قومی انتباہ جاری کیا تھا جس میں شہریوں پر زور دیا گیا تھا کہ وہ خمیر شدہ آٹے سے کھانا بنانے یا کھانے سے پرہیز کریں۔