پی ٹی اے کا ٹویٹر سے پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے والے اکاؤنٹس کی مانیٹرنگ کرنے کا مطالبہ
ٹویٹر اس بات کو یقینی بنائے کہ اُس کا پلیٹ فارم پروپیگنڈا ہتھیار کے طور پر استعمال نہ ہو
اسلام آباد: پی ٹی اے نے ٹویٹر سے پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے والے اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کردیا۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی اے نے ٹویٹر انتظامیہ سے سخت مانیٹرنگ شروع کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
پی ٹی اے نے ٹویٹر انتظامیہ کو کہا کہ وہ مواد کی نگرانی کرنے والی ٹیموں کو متحرک کرے اور پاکستان کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈے کو روکے۔
ٹوٹیر اس بات کو یقینی بنائے کہ اُس کے پلیٹ فارم پر کوئی بھی شخص پاکستان سے متعلق کسی بھی قسم کا پروپیگنڈا نہ کرے اور جو کرے اُس کے خلاف فوری طور پر سخت ایکشن لیا جائے۔
پی ٹی اے نے پاکستان سے متعلق غلط معلومات اور افواہیں پھیلانے والے اکاوَنٹس کےخلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹویٹر اس بات کو یقینی بنائے کہ اُس کا پلیٹ فارم پروپیگنڈا ہتھیار کے طور پر استعمال نہ ہو۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے بتایا کہ ٹویٹر پر ویریفائیڈ اکاؤنٹس سے بھی پاکستان کے خلاف کھل کر پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، جو ریگولیٹر کے لیے مایوس کن ہے، انتظامیہ قواعد و ضوابط کے مطابق ایسے تمام اکاؤنٹس کے خلاف سخت کارروائی کرے۔