نئی دہلی : کرونا وائرس کے دوران بےروزگار ہونے والا بھارتی شہری اپنے ہنر کے ذریعے لکھ پتی بن گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے ایک ٹیچر مہیش کاپسی نے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران ملازمت سے فارغ ہونے کے بعد اپنا ہنر آزمانے کی تھانی اور لاک ڈاؤن کے دنوں میں لاکھوں روپے کمانے لگے۔
بھارتی شہری مہیش کے فن کو اس سے قبل کوئی نہیں جانتا تھا لیکن اب وہ بین الاقوامی طور ایک مشہور آرٹسٹ بن گئے ہیں، جب وہ بیروزگار ہوئے تو ان کی ماہانہ آمدنی 10 ہزار روپے تھی لیکن ملازمت چھوڑنے کے بعد وہ 80 ہزار روپے سے زائد ماہانہ کمانے لگے۔
رپورٹ کے مطابق اورنگ آباد کے رہائشی مہیش لاک ڈاؤن کے دنوں میں اپنی ڈرائنگ کی ویڈیوز ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کرنے لگے اور دیکھتے ہی دیکھتے ان کی پینٹنگز اتنی مشہور ہوئیں کہ بھارتی شوبز ستارے بھی ان کے مداح ہوگئے۔
بالی ووڈ اداکار رتیش دیش مکھ نے اپنی تصویر بنانے پر مہیش کا شکریہ ادا کیا اور ان کی بنائی گئی پینٹنگ اپنی ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر بھی کیں۔
Incredible art -Mahesh Kapse thank you 🙏🏽 Loved it https://t.co/3XtkUcBnae
— Riteish Deshmukh (@Riteishd) June 8, 2020
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مہیش کسی پینٹنگ برش کا استعمال کیے بغیر ہاتھ کی انگلیوں کی مہارت سے اداکار کی تصویر بنارہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق رتیش کے علاوہ آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر، انگلش اسٹار کیون پیٹرسن بھی مہیش کی بنائی ویڈیوز اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کرچکے ہیں اور متعدد بالی ووڈ فنکار ان کی صلاحیتوں کے معترف ہوگئے ہیں۔