کراچی : پولیس نے چالان میں مریم نواز کو مفرور قرار دے دیا۔
سٹی کورٹ میں مزار قائد تقدس پامالی کیس میں پولیس نے مقدمے کا چالان پیش کیا ، پولیس نے چالان میں مریم نواز کو مفرور قرار دے دیا۔
سٹی کورٹ کراچی میں مزار قائد پر نعرے بازی اور تقدس کی پامالی کیس کی سماعت ہوئی، پولیس نے مقدمے کا عبوری چالان پیش کیا،مزار قائد پر نعرے بازی اور تقدس پامالی کیس میں پولیس نے چالان میں مریم نواز کو مفرور قرار دے دیا ،تاہم سرکاری وکلا نے پولیس چالان پراعتراض عائد کردیا۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ مدعی مقدمہ سے کئی باررابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن بیان ریکارڈ نہیں کرایا۔
سرکاری وکلا نے پولیس چالان پر اعتراض کردیا، جس پر افسر نے کہا چالان میں مزار کےبورڈ سربراہ غلام اکبر کا نام بطور گواہ شامل نہیں ، چالان پراعتراضات دور کرنے کیلئے3روزکی مہلت دی جائے۔
انیس اکتوبر کی شب مزارقائد کے تقدس کی پامالی کے الزام میں پولیس نے کیپٹن(ر)صفدرکو گرفتارکیا تھا، ان کی گرفتاری نجی ہوٹل سےعمل میں لائی گئی، کیپٹن(ر)صفدر کو گرفتاری کے بعد عزیز بھٹی تھانے منتقل کیا گیا تھا۔
بعد ازاں مزار قائد کے تقدس کی پامالی پر مریم نواز اور کیپٹن صفدر کےخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، بریگیڈ تھانے میں درج مقدمے میں مزید 200نامعلوم افراد بھی نامزد کئے گئے تھے۔