نئی دہلی : نیلانشی پٹیل نامی بھارتی دوشیزہ نے دنیا کے سب سے لمبے بال رکھنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے علاقے موداسہ سے تعلق رکھنے والی نیلانشی نامی لڑکی نے اس سے قبل 2018 میں گینزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرایا تھا، جس کے بعد انہوں نے اگلے سال پھر اپنا ہی ریکارڈ برابر کیا۔
گزشتہ برس نیلاشی کی عمر 17 سال جبکہ اُن کے بالوں کی لمبائی 6 فٹ 2 انچ تھی، اس سے قبل دسمبر 2018 میں جب اُن کی عمر 16 سال تھی تو اُن کے بال پانچ فٹ 6 انچ لمبے تھے۔
اب تیسری بار سال 2020 میں جب نیلانشی 18 برس کی ہوئیں تو انہوں نے سب سے لمبے بال رکھنے والی نوجوان لڑکی کا اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے ایک بار پھر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کرایا۔
نیلانشی نے بتایاکہ 6 سال کی عمر میں اُن کے بال غلط کٹ گئے تھے جس کے بعد سے انہوں نے بال نہ کٹوانے کا فیصلہ کیا اور وہ گزشتہ بارہ سال سے اپنے بال نہیں کٹوا رہیں۔
انہوں نے کہا کہ لمبے ہونے کی وجہ سے میرے بال زمین کو چھوتے ہیں جس کے باعث انہیں اونچی ہیل پہننا پڑتی ہے، عالمی ریکارڈ قائم کرنے اور پھر اپنا ریکارڈ توڑنے میں میرے گھر والوں نے بھی مدد کی۔