ریاض : سعودی حکام نے خواتین کو ہر سفری ٹکٹ پر 80 فیصد رعایت دینے کا اعلان کردیا۔
عرب میڈیا کے مطابق ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ فنڈ (ہدف) نے سعودی عرب میں ٹرانسپورٹیشن سپورٹ پروگرام ‘وصول’ کے ساتھ رجسٹرڈ سعودی ملازم خواتین کے لیے امدادی سکیم کی مدت میں 12 ماہ کی بجائے 24 ماہ تک توسیع کر دی ہے۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے نئے طریقہ کار کے مطابق امداد سے مستفید ہونے والی خواتین ہر سفر کی ٹکٹ پر 80 فیصد کی رعایت حاصل کرسکتی ہیں۔
اس رعایتی سکیم کے تحت 6 ہزار ریال سے کم تنخواہ پانے والی خواتین کو ماہانہ 1100 ریال کی امداد حاصل ہو سکے گی۔ اس کے علاوہ 6 ہزار سے 8 ہزار ریال ماہانہ اجرت پر کام کرنے والی خواتین کے لیے یہ امداد 800 ریال ماہانہ تک ہوگی۔
سعودی وزارت نقل و حمل کے ذریعہ یہ خدمت لائسنس یافتہ کمپنیوں کو فراہم کی جارہی ہے تا کہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور اعلی معیار کی خدمات کو برقرار رکھا جاسکے۔
وصول پروگرام میں اس خدمت کے لیے مملکت کے 13 علاقوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ ان میں ریاض ، مکہ مکرمہ ، الشرقیہ ریجن ، مدینہ منورہ ، تبوک ، عسیر ، قصیم ، حائل ، جازان ، شمالی سرحد ، نجران ، الجوف اور الباحہ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ نجی شعبے میں کام کرنے والی خواتینhttp://wusool.saکے ذریعے اپنی رجسٹریشن کراسکتی ہیں۔