ہتک عزت کیس : علی ظفر کا مشیا شفیع کے کینیڈا سے پاکستان تک سفری اخراجات اٹھانے کا اعلان
لاہور : گلوکار علی ظفر نے مشیا شفیع کو عدالت میں پیش ہونے کےلیے کینیڈا سے پاکستان کا ٹکٹ دینے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اداکار و گلوکار علی ظفر کی جانب سے مشیا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوے پر کیس کی سماعت ہوئی، جس گلوکار کے وکیل نے کہا کہ علی ظفر مشیا شفیع کے کینیڈا سے پاکستان سفر کے اخراجات اٹھانے کو تیار ہیں۔
وکیل علی ظفر نے کہا کہ میشا عدالت کے روبرو پیش ہو کر ثبوت فراہم کریں، انہوں نے مزید کہا کہ موبائل ایپ کے ذریعے میشا کا بیان مکمل کرلیا جائے۔
وکیل مشیا شفیع نے کہا کہ کینیڈا سے پاکستان آنے میں بہت خرچہ ہوگا،جس پر عدالت نے 14 نومبر کو میشا اور ان کے گواہان کو طلب کرلیا۔
خیال رہے کہ مشیا شفیع کی جانب سے علی ظفر کے خلاف ہراسانی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا، جس کے بعد گلوکار و اداکار علی ظفر نے مشیا شفیع کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کردیا تھا۔