حکومتی ترجمان قومی بیانیہ پر فرنٹ فٹ پر آکر کھیلیں
اسلام آباد: وزیر اعظم نے کہا کہ اپوزیشن ملک دشمنی پر اتر آئی ہے ، ہر حربہ ناکام بنائیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجمانوں کا اجلاس ہوا، ترجمانوں کے اجلاس میں کئی وفاقی وزراء، مشیران، معاونین بھی شریک تھے، اجلاس میں اپوزیشن کے بیانیہ، ملکی معیشت، مہنگائی اور قومی امور پر مشاورت کی گئی۔
وزیر اعظم عمران خان نے ترجمانوں کو ہر محاذ پر اپوزیشن کا مقابلہ کرنے کی ہدایت کردی، انہوں نے کہا کہ حکومتی ترجمان قومی بیانیہ پر فرنٹ فٹ پر آکر کھیلیں، اپوزیشن ملک دشمنی پر اتر آئی ہے، ہر حربہ ناکام بنائیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان کا مزید کہنا ہے کہ ان دنوں گلگت بلتستان میں اپوزیشن کا سرکس لگا ہوا ہے تاہم مختلف سروے رپورٹس کے مطابق گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کو واضح برتری حاصل ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پورے ملک کے عوام اپوزیشن جماعتوں کے عزائم جان چکی ہے، اپوزیشن نے قومی سلامتی کے امور پر بھی سیاست کی، مہنگائی سے متعلق ہماری صوبائی حکومتیں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہیں اور آئندہ چند دنوں میں آٹے اور چینی کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی۔ ملکی معیشت کے مثبت اعشاریے اپوزیشن کے لیے پریشان کن ہیں۔