آسٹریلوی شہر سڈنی میں واقع بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہوٹل کے قریب چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا، حادثے کے دوران کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بھارتی ٹیم اس وقت سڈنی اولمپک پارک ہوٹل میں موجود ہے، چار روز قبل پیش آنے والے واقعے کے وقت چند کھلاڑی ایک شیڈ میں موجود تھے، اس سے صرف 30 کلو میٹر دور ایک طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔
کرومر کرکٹ کلب کے سینئر وائس پریزیڈنٹ کا کہنا ہے کہ انہوں نے طیارے کو تیزی سے قریب آتے دیکھا تو وہ زور سے چلائے بھاگو، بھاگو اور خود بھی بھاگ کھڑے ہوئے، انہیں خدشہ تھا کہ طیارہ شیڈ کی چھت سے ٹکرا جائے گا۔
حادثے کا شکار طیارہ سڈنی فلائنگ اکیڈمی سے اڑا تھا جسے ایک نوجوان پائلٹ اڑا رہا تھا، طیارے میں کو پائلٹ بھی موجود تھا۔
بظاہر یوں لگ رہا ہے کہ طیارہ نوجوان پائلٹ کے کنٹرول سے باہر ہوگیا جس کے بعد اس نے کریش لینڈنگ کی، حادثے میں دونوں کی جان بچ گئی تاہم دونوں بری طرح زخمی ہوئے ہیں۔
اسپتال لے جاتے ہوئے ایک کا چہرہ خون سے تر تھا جبکہ دوسرے کی ٹانگ ٹوٹ چکی تھی۔ واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
حادثے میں بھارتی ٹیم بال بال بچی ہے، بھارتی ٹیم 2 ماہ سے زائد کے طویل دورے پر آسٹریلیا پہنچی ہے اور اس وقت قرنطینہ میں ہے۔