تحریک انصاف نے جی بی کی حکومت کے لیے مطلوبہ تعداد پوری کرلی
اسکردو: گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ تعداد مکمل ہوگئی۔
ایک اور آزاد امیدوار نے تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔
جی بی کے حلقہ جی بی ایل اے 5 نگر سے کامیاب ہونے والے آزاد امیدوا جاوید منوا نے آج تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔
جاوید منوا کی شمولیت کے بعد گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ تعداد مکمل ہوگئی ہے۔
آزاد امیدوار کی شمولیت کے حوالے سے نگر میں جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا جس میں تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور اور گلگت بلتستان کے گورنر بھی موجود تھے۔
چار روز قبل گلگت بلتستان میں قانون ساز اسمبلی کے لیے انتخابات کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں تحریک انصاف نے 9 امیدواروں کی کامیابی کے ساتھ میدان مارا جبکہ 7 آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے، اسی طرح پیپلزپارٹی کے تین، مسلم لیگ ن کے دو امیدوار اور ایم ڈبلیو ایم کا ایک امیدوار بھی فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ۔