شہزادہ ہیری اور میگھن کی شاہی خاندان سے علیحدگی کی وجہ سامنے آگئی
اطالوی دستاویزی سیریز یولائسے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ برطانوی شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل ملکہ کی سختیوں کی وجہ سے شاہی خاندان سے الگ ہوئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اطالوی دستاویزی سیریز یولائسے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل نے شاہی زندگی سے الگ ہوکر امریکا جاکر بسنے کا فیصلہ ملکہ الزبتھ کے سخت قواعد و ضوابط پر مبنی زندگی کی وجہ سے کیا۔
دستاویزی سیریز کے میزبان البرٹو انجیلا نے بتایا کہ شاہی نظام کو چلانے کے لیے ملکہ کو ٹیکس پیئرز سے ملنے والی رقوم سے حکومت پیسے دیتی ہے اور یہ چند سکوں کے برابر نہیں ہوتی۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال ملکہ الزبتھ کو شاہی خاندان اور شاہی نظام کو چلانے کے لیے برطانوی خزانے سے 80 ملین برطانوی پاؤنڈ فراہم کیے گئے تھے۔
البرٹو انجیلا کے مطابق شاہی خاندان کے افراد حقیقتاً اعلیٰ درجے کے پبلک آفیشلز ہیں اور انہیں ان کی خدمات کا معاوضہ ادا کیا جاتا ہے اور اس نکتے پر ملکہ برطانیہ اپنے خاندان سے ہمیشہ بڑی سختی سے پیش آتی رہی ہیں۔
دستاویزی سیریز کے میزبان کے مطابق ملکہ برطانیہ کا اصول یہ ہے کہ اگر آپ بادشاہت کے لیے کام کرتے ہیں تو ٹھیک ہے ورنہ آپ کو مزید رقم نہیں ملے گی، بالکل اسی طرح جیسے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن کے ساتھ ہوا یعنی ان کے شاہی خاندان سے الگ ہوتے ہی رقوم کی فراہم رک گئی۔