عدالت نے بھارتی سنگھ اور شوہر کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ دیدیا
نئی دہلی : منشیات کیس میں گرفتار بھارتی کامیڈین بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دئیے گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مزاحیہ پروگرامز کی ہوسٹ اور کامیڈین بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر ہارش لمباچھیا کا 4 دسمبر تک جوڈیشل ریمانڈ دیا گیا ہے۔
بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد انکشاف ہوا تھا کہ بالی ووڈ میں منشیات کا استعمال عام ہوچکا ہے، متعلقہ ادارے نے صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈرگز مافیا کے خلاف ایکشن لینا شروع کردیا ہے۔
مذکورہ گرفتاری بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، اس سے قبل بھی متعدد اداکار گرفتار ہوچکے ہیں یا انہیں تفتیش کے لیے تھانے بلایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ این سی بی نے منشیات سے متعلق کیس میں پہلے بھارتی کو گرفتار کیا اور پھر ایک روز بعد ان کے شوہر کو گرفتار کیا، دونوں منشیات کے استعمال کا اعتراف کرچکے ہیں۔
گرفتاری کے بعد نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کا کہنا تھا کہ کامیڈین بھارتی سنگھ کے گھر پر چھاپے کے دوران 86.5 گرام حشیش برآمد کی گئی، ان کے شوہر ہرش لمباچھیا بھی ان کے ساتھ اس گھر میں رہتے تھے۔