اسلام آباد : ایل او سی پر بھارتی ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 11 شہری زخمی ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا گیا، دوسری جانب سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے اُنہیں احتجاجی مراسلہ تھما دیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 22 نومبر کو ایل او سی کے کھوئی رٹہ سیکٹر پر بھارتی فورسز کی جانب سے خلاف ورزیاں کی گئیں۔
بھارتی سکیورٹی فورسز جان بوجھ کر ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال 2820 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کی جاچکی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارتی فائرنگ سے رواں سال اب تک 26 افراد شہید اور 245 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔