زیادتی کے مجرمان کیلئے کیسٹریشن کا قانون لانے کی منظوری
اسلام آباد : وفاقی کابینہ نے زیادتی کے مجرمان کوسخت سزاﺅں پر مشتمل سفارشات کی منظور ی دیدی
وفاقی کابینہ نے زیادتی کے مجرمان کیلئے کیسٹریشن کا قانون لانے کی منظوری دیدی ہے ۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس دوران زیادتی کے واقعات کی روک تھام کیلئے قانون سازی پر بحث کی گئی ، اجلاس میں مجرمان کی سخت سزاﺅں پر مشتمل سفارشات کی منظور ی دیدی گئی ہے جبکہ زیادتی کے مجرمان کیلئے کیسٹریشن کا قانون لانے کی بھی منظوری دیدی گئی ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ سنگین نوعیت کا معاملہ ہے ، قانون سازی میں کسی قسم کی تاخیر نہیں کریں گے ، عوام کے تحفظ کیلئے واضح اورشفاف اندازمیں قانون سازی ہوگی، یقینی بنایا جائے گا کہ سخت سے سخت قانون کا اطلاق ہو۔
کچھ وزراء نے زیادتی کے مجرمان کو پھانسی کی سزا کو قانون کا حصہ بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ زیادتی کے مجرمان کو سرعام پھانسی دی جائے ، فیصل واوڈا،اعظم سواتی اورنورالحق قادری نے بھی پھانسی کی حمایت کی ۔ اس موقع پر عمران خان نے رائے دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طورپرکیسٹریشن کے قانون کی طرف جانا ہوگا۔
وزیراعظم کا کہناتھا کہ قانونی ٹیم نے ریپ قانون آرڈیننس کے مسودہ پرکام مکمل کرلیا ہے ،خواتین پولیسنگ،فاسٹ ٹریک مقدمات ،گواہوں کا تحفظ بنیادی حصہ ہوگا، متاثرہ خواتین یابچے بلاخوف وخطراپنی شکایات درج کراسکیں گے، متاثرہ خواتین وبچوں کی شناخت کے تحفظ کاخیال رکھاجائےگا، ہم نے معاشرے کو محفوظ ماحول دینا ہے۔