ریاض : سعودی عرب کے شہر جدہ سے دارالحکومت جانے والی پرواز میں مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر اچانک ہلچل مچ گئی جس کے باعث طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرانا پڑ گئی۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نجی ائیرلائن’ ادیل ایئر‘ کی پرواز 320 جدہ سے ریاض جارہی تھی کہ اس دوران ایک مسافر کی طبیعت بگڑ گئی، فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کے لیے پرواز کی ہنگامی لینڈنگ ہوئی۔
یہ پرواز جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے شام 7 بجکر 50 منٹ پر ریاض کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ ٹیک آف کے ٹھیک 20 منٹ بعد اعلان کیا گیا کہ ایک مسافر کے دل کی حرکت بند ہو گئی ہے۔
بعد ازاں تمام مسافروں کو آگاہ کیا گیا کہ اب طیارے کو ہنگامی طور پر لینڈ کیا جارہا ہے۔ جہاز میں موجود تین مسافرڈاکٹروں نے معائنے کے بعد بتایا کہ مسافر کو دل کا عارضہ لاحق ہو گیا ہے۔
صورت حال کو دیکھتے ہوئے جہاز کو دوبارہ جدہ ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا، مریض مسافر کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ جبکہ دیگر مسافروں کو دوبارہ پرواز کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچا دیا گیا۔