Featuredسندھ

کورونا صرف بہانہ ہے اصل سازش کراچی کا معاشی قتل عام ہے

کراچی: کورونا کی آڑ میں تاجروں کا معاشی قتل عام قابل مذمت ہے۔

چیئر مین مہاجر قومی موومنٹ نے کورونا کی آڑ میں زبردستی دکانیں بند کرانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا صرف بہانہ ہے اصل سازش کراچی کا معاشی قتل عام ہے

ملک کے دیگر حصوں میں رات دس بجے تک آزادانہ کاروبار ہورہا ہے جبکہ کراچی میں شام پانچ بجے سے ہی اہلکار مارکیٹوں میں پہنچ جاتے ہیں اور چھ بجے سے پہلے ہی دکانداروں کو ہراساں کرنا شروع کردیا جاتا ہے۔

آفاق احمد نے کہا کورونا کی وبا سے کسی کو انکار نہیں اور اس وبا کو روکنے کی کوششوں کی بھی حمایت کرتے ہیں لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا کورونا کراچی میں شام چھ بجے پھیلتا اور دوسرے شہروں میں آدھی رات تک سویا رہتا ہے؟۔

یہ کہاں کا انصاف ہے کہ پورا شہر ڈنڈے کے زور پر بند کروا دیا جائے اور ایس او پیز کی پابندی کرنے والی دکانوں کو بھی سیل کردیا جائے۔ حقیقت یہ ہے کہ کرپٹ عناصر نے کورونا کی آڑ میں لوٹ مار کا بازار گرم کررکھاہے اور تاجروں سے دکانوں کی سیل کھولنے کیلئے لاکھوں روپے وصول کئے جارہے ہیں۔

آفاق احمد نے کہا کہ فیصل آباد جو کراچی کے مقابلے میں دس فیصدٹیکس بھی نہیں دیتا اسے مانچسٹر کے برابر لانے کے منصوبے بنائے جارہے ہیں جبکہ کراچی جو پورے ملک کو پالتا ہے اسے ہیوسٹن کے برابر کھڑا کرنے کا کوئی نہیں سوچتا بلکہ اگر شہر کے تاجر و صنعتکار کوشش بھی کریں تو انہیں مختلف بہانوں سے تنگ کرکے کراچی سے کاروبار سمیٹنے کا کہا جاتا ہے، کورونا کا بہانا بنا کر تجارتی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنا کاروبار اور لوگوں کو بیروزگار ہونے سے بچانے کیلئے تاجر برادری کے ہر اقدام کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور حکومت سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ کاروباری بندش کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close