وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے لوگ حکومت دشمنی نہیں بلکہ عوام دشمنی کررہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے ان خیالات کا اظہار لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اخلاقی معذروں نے ملکی نظام اور ملک کی معیشت کی معذور کیا، انہیں عوام کی صحت کا بھی احساس نہیں۔
صوبائی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں عوام کو سیاسی غلامی سے نجات دلائیں گے، ان ہی لوگوں نے عوام کو سیاسی غلام بنا دیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کو گھر بھیجنے کی باتیں ذہنی معذوری کی بڑی نشانی ہیں، مینار پاکستان پر سیاسی لاشوں کا پوسٹ مارٹم ہوگا، حکومت ان بازوؤں کا زور دیکھنا اورطاقت آزمانا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ حکومت دشمنی نہیں بلکہ عوام دشمنی کررہے ہیں، حکومت کو ان کی سرگرمیوں سے فرق نہیں پڑے گا، حالات اور واقعات کو دیکھتے ہوئے ان کو دوا دی جائے گی۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ یہ پی ڈی ایم کورونا ہے، کرپشن کا کورونا بھی پی ڈی ایم نے ہی متعارف کرایا تھا، سیاسی میدان میں کرپشن کا میدان چاہ رہا ہے کہ کورونا سے پنجہ آزمائی کرے، ہم نہیں چاہتے کہ کرپشن کے کورونا کا علاج اصلی کورونا کرے۔