لاہور: عمران صاحب ہمیں این آر او نہیں، آپ کا استعفیٰ چاہیئے
قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور ان کے ترجمانوں کی بوکھلاہٹ بتا رہی ہے کہ یہ جانے والے ہیں
پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان صاحب ہمیں این آر او نہیں، آپ کا استعفیٰ چاہیئے، جعلی دھمکیاں اور بدتمیزیاں ان کو بچا نہیں سکتیں۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا مشرف ہمیں این آر او دینے والا کون تھا، ہم نے تو اس سے استعفیٰ لیا تھا۔ آپ جتنے چاہو مقدمے درج کرو، لاہور کا جلسہ پوری طاقت سے ہو گا، وزیراعظم اور ان کے ترجمانوں کی بوکھلاہٹ بتا رہی ہے کہ یہ جانے والے ہیں۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ڈلیور کرنے میں ناکام ہو چکے، اب ان کا صرف دھمکیوں پر گزارا ہے لیکن اب عوام نکل آئے ہیں، جعلی دھمکیاں اور بدتمیزیاں ان کو بچا نہیں سکتیں۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہر تقریر میں تکبر جھلکتا ہے، یہی ان کے زوال کی بڑی نشانی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ پی ڈی ایم کو لاہور جلسے کی اجازت دیں گے نہ انہیں روکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جلسہ منتظمین اور کیٹرنگ سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔
عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے اپنی کرسی بچانے کے لیے آصف زرداری اور نواز شریف کو این آر او دیا لیکن اگر میری حکومت بھی چلی جائے تو انہیں کسی صورت این آر او نہیں دوں گا۔