لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی زد میں آکر پاک فوج کے دو جوانوں نے جام شہادت نوش کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لائن آف کنٹرول کے باگسر سیکٹر پر بھارت نے در اندازی کرتے ہوئے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے نائیک شاہ جہاں اورسپاہی حمید شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر پاک فوج نے مؤثر کارروائی کی جس سے بھارتی فوج کو بھاری جانی و مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔
لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ، ایک شہری زخمی
خیال رہے کہ دو روز قبل بھارتی کی جانب سے لائن آف کنٹرول چری کوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 45 سالہ شہری شدید زخمی ہوگیا تھا۔