حکومت نااہل ہے، اڑھائی سالہ جائزہ لینا ضروری ہے
اسلام آباد : مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملک پر دونوں ہاتھوں سے ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان سے لڑائی تو چلتی رہے گی، حکومت نااہل ہے، اڑھائی سالہ جائزہ لینا ضروری ہے، حکومت اداروں کو استعمال کررہی ہے۔ سیاسی انتقام کی پاداش میں ملک کو تباہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کیا ملک میں مہنگائی ختم ہوئی؟ کیا اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں کمی آئی؟
حکومت نے اپوزیشن کے خلاف کردار ادا کرنے کے علاوہ کیا کیا؟ تمام اداروں میں کارکردگی کو دیکھا جائے تو جواب نفی میں آئے گا۔ کیا ملک میں کوئی قرضہ نہیں لیا گیا؟
ان کا کہنا تھا کہ بلین ٹری سونامی بی آر ٹی میں ملک کی تاریخ کی بڑی کرپشن ہوئی۔ کیا اڑھائی سال میں مہنگائی اور کرپشن ختم ہوئی؟
اس وقت تاریخی سطح پر مہنگائی پہنچ گئی۔ کیا پاکستان نے معاشی ترقی کی؟ اس وقت ملک کی معیشت منفی چار پر پہنچ گئی ہے۔ ملک پر دونوں ہاتھوں سے ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے والوں نے 60 لاکھ افراد کو بے روزگار کردیا۔ نئے اسپتالوں کے بجائے ایک کمرہ تک اسپتالوں میں نیا نہیں بنایا گیا۔ تعلیمی بجٹ پر کٹ لگا دیا گیا ، اڑھائی سال میں ایک میگاواٹ بجلی تک پیدا نہیں کی گئی۔
ترجمان مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کاغذ لہرا کر کہتے ہیں یہ کارکردگی ہے۔ وزیر اعظم سے پوچھتے ہیں کہ ملک کی بہتری کے لیے کچھ کیا گیا؟ ملک میں تعلیم، صحت، روزگار اور توانائی سے متعلق ایک بھی اچھا اقدام بتائیں۔ جب مافیا حکومت چلائیں گے تو مہنگائی کیسے ختم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کا بیڑاغرق ہوگیا۔ حکومت نے ڈھائی سال میں 14 ارب کا قرض لیا ہے۔ ڈھائی سال میں مفت ادویات اور ٹیسٹ ختم ہوگئے۔ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے کمیشن بناتے ہیں۔ تعلیم کا بجٹ آدھا کرکے وظائف بند کیے گئے۔