استعفوں اور ضمنی انتخابات پر اختلافات تاحال برقرار
اسلام آباد : پی ڈی ایم پیپلز پارٹی سے واضح اور دو ٹوک جواب کی منتظر ہے
پی ڈی ایم میں استعفوں اور ضمنی انتخابات پر اختلافات تاحال برقرار ہیں، پی ڈٰی ایم کو پیپلز پارٹی کی سی ای سی اجلاس کا انتظار ہے، تمام جماعتیں پیپلز پارٹی سے واضح اور دو ٹوک جواب چاہیں گی۔
ذرائع کے مطابق سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ ن کے اندر بھی استعفوں اور ضمنی و سینیٹ انتخابات پر یکساں مؤقف نہیں۔ سابق وزیر اطلاعات کی جیل میں شہباز شریف سے ملاقات کے بعد مفاہمت کی بات پر بھی ن لیگ میں اختلافات سامنے آئے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے قائد اور مریم نواز مذاکرات یا مفاہمت کے قائل نہیں۔ میاں شہباز شریف مسلسل مذاکرات اور مفاہمت پر ہی زور دے رہے ہیں۔
آصف علی زرداری کو بھی سینئر رہنماؤں کی طرف سے مفاہمت پر ہی کاربند رہنے کا عندیہ ملا ہے۔ سید خورشید شاہ سمیت کئی رہنماء استعفوں اور انتخابات کے بائیکاٹ کے مخالف ہیں۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی کی یکے بعد دیگرے ملاقاتوں سے مولانا فضل الرحمان بھی پریشان ہیں۔ ن لیگی قیادت نے پیپلز پارٹی کے در پردہ رابطوں کیساتھ مفاہمت کو مسترد کیا ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے اتحاد میں شامل رہنماؤں سے بات چیت میں کہا ہے کہ ہم پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس تک انتظار کریں گے۔
پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں تمام ایشوز پر تفصیلی بحث کی جائے گی۔ ن لیگ، جے یو آئی سمیت تمام جماعتیں پیپلز پارٹی سے واضح اور دو ٹوک جواب چاہیں گی۔ پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں اب سب کچھ واضح کرنا ہوگا۔