کیا حکومت دلیپ کمار اور راج کپور کا گھر میوزیم میں بدل رہی ہے؟
پشاور : صوبائی حکومت نے معروف بالی ووڈ لیجنڈ دلیپ کمار اور راج کپور کے گھروں کو عجائب گھر میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اس سلسلے میں ان دونوں لیجنڈ فنکاروں کے قدیمی مکانات کی سرکاری قیمتیں بھی مقرر کردی گئی ہیں اب ان کی خریداری کا عمل شروع کیا جائے گا۔
لیجنڈری فنکاروں نے اپنی زندگی کا کچھ حصہ پشاور میں گزارا تھا اب یہ مکانات انتہائی خستہ حال ہیں، دونوں گھر اس وقت مقامی افراد کی ملکیت ہیں،اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اب ان گھروں کو میوزیم میں تبدیل کرنے کے لیے اقدامات کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔
ڈھکی دالگراں میں واقع کپور حویلی اپنے دور کی ایک شاندار عمارت تھی، اس کا کل رقبہ لگ بھگ چھ مرلے سے کچھ زیادہ بتایا گیا ہے اور جس حصے پر عمارت کا ملبہ کھڑا ہے اس کا رقبہ 5184 مربع فٹ ہے۔
اس حویلی کی زمین کی قیمت ایک کروڑ پندرہ لاکھ سے زیادہ مقرر کی گئی ہے جبکہ ملبے کی قیمت کا تخمینہ 34 لاکھ روپے سے زائد لگایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ دلیپ کمار کے آبائی گھر کی قیمت 80 لاکھ 56 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ یہ مکان پشاور کے قصہ خوانی بازار میں محلہ خداداد میں واقع ہے اور اس کا کل رقبہ چار مرلے بتایا گیا ہے۔
ان دونوں جائیدادوں کی کل قیمت 2 کروڑ 30 لاکھ اور 56 ہزار سے زائد مقرر کی گئی ہے اور حکومت اس بارے میں فنڈز جاری کرنے کے لیے بھی اقدامات کررہی ہے۔