کوئٹہ: وزیراعظم اپنی انا چھوڑ کر کوئٹہ جائیں اور لواحقین کا غم بانٹیں
مریم نواز کا کہنا ہے کہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے لیکن حکومت بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے وزیراعظم عمران خان اپنی انا چھوڑ کر کوئٹہ جائیں اور لواحقین کا غم بانٹیں۔
سانحہ مچھ کے لواحقین سے تعزیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ پر جو قیامت ٹوٹی ہے اس پر دلی تعزیت کرتی ہوں، 5 دن سے دیکھ رہی ہوں اور آپ کی تکلیف کا احساس بھی ہے، ان میتوں میں سے ایک میت اس کی بھی ہے جس کے خاندان کا کوئی فرد نہیں تاہم میرے پاس تعزیت کے لیے الفاظ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بچی کسی بے حس کو پکاررہی تھی کہ آپ نہیں آئے تو والد کو نہیں دفناؤں گی لہذا وزیراعظم اپنی انا چھوڑ کر کوئٹہ جائیں اور لواحقین کا غم بانٹیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ریاست کاکام عوام کو تحفظ دینا ہے لیکن افسوس ہے ریاست نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی، یہ کہتے ہیں جب تک وزیراعظم نہیں آئیں گے ہم لاشیں رکھ کر بیٹھے رہیں گے، ہم لاشوں پر سیاست نہیں کررہے تاہم وزیراعظم عمران خان کو یہاں آکر ان کے سروں پر ہاتھ رکھنا پڑے گا۔
رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ اقتدار پر بیٹھے شخص کی بے حسی پر افسوس ہے، مظاہرین کوئی بڑا مطالبہ نہیں کررہے، اگر حکمران نہیں آتے تو سن لیں یہ قوم انہیں اقتدار کی کرسی پر بیٹھنے کی اجازت نہیں دے گی۔