مصباح الحق اور وقار یونس نے مجھے سائیڈ لائن کرنے کی کوشش کی
محمد عامر ڈٹ گئے، اپنی بات پر قائم ہوں ، موجودہ مینجمنٹ کے ساتھ نہیں کھیل سکتا
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور وقار یونس ایک پیج پر نہیں، ہیڈ کوچ کچھ اور بولنگ کوچ کچھ اور کہتے ہیں۔ دونوں نے مجھے سائیڈ لائن کرنے کی کوشش کی۔
محمد عامر نے کہا کہ مصباح، وقار مجھے پسند نہیں کرتے، اس لیے میرے ساتھ ایسا رویہ تھا، سینٹرل کنٹریکٹ سے نکال دیا گیا میں خاموش رہا، ذہنی اذیت دی جاتی تھی اور پھر بات تک نہیں کرتے تھے۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ تبدیل ہونے کی صورت میں سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں، مینجمنٹ کی تبدیلی پر بورڈ کے پاس خود جاؤں گا کہ میں دستیاب ہوں، وہ میرے بارے میں اچھا نہیں سوچتے تو ان کے ساتھ کیسے کھیل سکتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میری کارکردگی سب کے سامنے ہے پھر بھی ٹیم میں جگہ نہیں دی گئی، وقار یونس سے سوال شاہین کی کارکردگی کا ہو وہ جواب عامر کا دیتے ہیں، میرے علاوہ بھی کھلاڑی بورڈ کو ان دونوں کی شکایات کرچکے ہیں۔