Featuredکھیل و ثقافت

پاکستان اپنے گھر پر آسان حریف نہیں ہو گی

جنوبی افریقی کپتان نے پاکستانی اسپنرز کو خطرہ اور کنڈیشن کو چیلنج قرار دیدیا

جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان کوئنٹن ڈی کوک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سب سے بڑا چیلنج یہاں کی کنڈیشنز کا اندازہ نہ ہونا ہے کیوں کہ ٹیم کے کھلاڑی پہلے پاکستان میں نہیں کھیلے تاہم کوچ مارک باؤچر پہلے پاکستان میں کھیل چکے ہیں تو ان سے سمجھنے کی کوشش کررہے ہیں کہ یہاں کس صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پاکستان آمد کے بعد جنوبی افریقی کپتان نے پہلی مرتبہ میڈیا سے گفتگو کی، آن لائن گفتگو میں کوئنٹن ڈی کوک نے کہا کہ پاکستان سمیت کسی بھی ٹیم کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنا آسان نہیں ہوتا، جنوبی افریقی ٹیم کو اندازہ ہے کہ پاکستان اپنے گھر پر آسان حریف نہیں ہو گی اور یہ وہ ٹیم بالکل بھی نہیں ہوگی جو نیوزی لینڈ میں نظر آئی تھی۔

کوئن ڈی کوک نے کہا کہ بابر اعظم کی واپسی اور ہوم کنڈیشنز یقینی طور پر پاکستان کی اسٹرینتھ کو بڑھائیں گے۔

جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ مجھ سمیت اکثر کرکٹرز کو پاکستان کی کنڈیشنز کا اندازہ نہیں جو ان کے لیے چیلنج ہوگا تاہم ہیڈ کوچ مارک باؤچر یہاں پہلے مکمل ٹوورز کر چکے ہیں تو ان سے پوچھ رہے ہیں کہ یہاں کیسی کنڈیشنز ہوں گی۔

کوئن ڈی کوک نے کہا کہ پاکستان آنے سے پہلے سیکیورٹی کے حوالے سے سوالات سب کے ذہنوں میں تھے لیکن پاکستان پہنچ کر انتظامات کو دیکھنے کے بعد ہر کوئی مطمئن ہے کہ کھلاڑیوں کی حفاظت کا بہترین انتظام کیا گیا ہے۔

جنوبی افریقا کی ٹیم 2007 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان آئی ہے اس دوران جنوبی افریقی ٹیم میں شامل فاف ڈی پلیسی ورلڈ الیون اور پھر پی ایس ایل کے لیے پاکستان آچکے ہیں۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close