تہران : ایران کی مسلح افواج کے ترجمان جنرل ابو الفضل کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی کوئی بھی بیوقوفی اس کی آخری بیوقوفی ہوگی
جنرل ابو الفضل کا کہنا ہے کہ اگر صیہونی حکومت نے ایران کے خلاف چھوٹی سی بھی بیوقوفی کی تو ہم ان کی میزائیل چھاؤنیوں کو بھی نشانہ بنائیں گے جن کے بارے میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ایران پر حملے کے لئے ہی تیار کی گئی ہے اور بہت ہی کم وقت میں حیفا اور تل ابیب کو نیست و نابود کر دیں گے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کمانڈر جنرل ابو الفضل شکارچی نے صیہونی حکومت کے آرمی چیف کی حالیہ دھمکی کو نفسیاتی جنگ قرار دیا اور کہا کہ وہ ابھی تک ایران کی مسلح افواج کی طاقت اور قدرت کو سمجھ نہیں سکے ہیں۔
کمانڈر کا کہنا ہے کہ صیہونی حکومت کے آرمی چیف کی دھمکیاں، نفسیاتی جنگ کا حصہ ہیں اور اگر حقیقت بھی ہو تو یہ ان کی خام خیالی ہے۔
جنرل ابو الفضل شکارچی نے تاکید کی کہ ان کو ایران کی طاقت کا اندازہ نہیں ہے، کچھ توانائیاں مخفی ہیں اور کچھ کا فوجی مشقوں کے درمیان مظاہرہ کیا گیا ہے اور انہیں توانائیوں کے ذریعے تل ابیب کو بہت ہی کم مدت میں نیست و نابود کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر انہوں نے کوئی بیوقوفی کی تو اپنا شیرازہ بکھرتا ہوا دیکھیں گے۔