ملک میں مخالف غدار اور حکومتی حمایت کرنے والا محب وطن
اسلام آباد: جب میڈیا تباہ ہو تو ملک تباہ ہوتا ہے، ملک کو منظم طریقے سے تباہ کیا جا رہا ہے۔
سپریم کورٹ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے سخت ریمارکس دئیے کہ ملک میں مخالف غدار اور حکومتی حمایت کرنے والا محب وطن بتایا جا رہا ہے، ملک کو منظم طریقے سے تباہ کیا جا رہا ہے۔
سپریم کورٹ میں ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات سے انعقاد سے متعلق دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔
کیس کی سماعت کے دوران جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے کہ مجھے یہ کہنے میں عار نہیں کہ ملک میں میڈیا آ زاد نہیں ہے، میڈیا والے پٹ رہے ہیں، ملک میں کیسےمیڈیا کو کنٹرول کیا جا رہا ہے؟ کیسےاصل صحافیوں کو باہر پھینکا جا رہا ہے؟ یاد رکھیں جب میڈیا تباہ ہوتا ہے تو ملک تباہ ہوتا ہے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے سخت ریمارکس میں کہا کہ صبح لگائے پودے کو کیا شام کو اکھاڑ کر دیکھا جاتا ہے کہ جڑ کتنی مضبوط ہوئی؟، جسٹس مقبول باقر نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ریمارکس پر کہا کہ ججز کو ایسی گفتگو سے احتراز کرنا چاہیے لیکن کیا کریں آ ئیڈیل صورتحال نہیں ہے،کب تک خاموش رہیں گے؟
سپریم کورٹ کے جج جسٹس فائز عیسیٰ نے سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہاں ہر مخالف غدار اور حکومتی حمایت کرنے والا محب وطن بتایا جا رہا ہے، ملک جمہوریت کیلئے بنایا تھا، ماضی میں جمہوریت کھوئی تو آ دھا ملک بھی گیا بلدیاتی حکومت ختم کر کے پنجاب حکومت نے آئین کی خلاف ورزی کی، ایسےتو مرضی کی حکومت آنے تک آپ حکومتوں کو ختم کرتے رہیں گے۔