کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی
اسلام آباد : ترجمان دفترخارجہ نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئےعالمی برادری اپنا مثبت کردار ادا کرے۔
کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے ملک بھرمیں کل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ ہر سال 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جاتا ہے ، ملک بھرمیں کل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی ، پاکستانی سفارتخانوں میں سیمینار،تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کل واک کا اہتمام ہوگا، واک کااہتمام وفاقی اورصوبائی دارالحکومتوں میں ہوگا، عالمی برادری مقبوجہ کشمیر میں بھارت کی جارحیت کو روکے۔
زاہد حفیظ نے کہا کہ پچھلی 7دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت جاری ہے ، مقبوضہ کشمیر میں بھارت یواین قرارادوں کی خلاف ورزی کررہا ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عالمی برادری اپنا مثبت کردار ادا کرے۔
مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران مذید 3کشمیریوں کو شہید کیا گیا ، غیر مسلح اور معصوم کشمیریوں کوماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے اور کشمیری قیادت مسلسل قید میں ہے۔
بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا آر ایس ایس،بی جے پی گٹھ جوڑکی حکومت جمہوریت نہیں ، اقلیتوں اور صحافیوں کیساتھ بدترین سلوک روا رکھا جا رہا ہے ، بھارت عالمی برادری کے سامنے مکمل بے نقاب ہو چکا ہے ، دنیا بھر سےمختلف شعبہ جات کی شخصیات کشمیر پر بات کررہی ہیں۔
زاہد حفیظ کا بریفنگ میں کہنا تھا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی اور پاکستان مخالف پروپیگنڈاکررہاہے، بھارت دہشت گردی کیلئے فنڈنگ سمیت ہرقسم کی کارروائیوں میں ملوث ہے ، اسی حوالے سےہم نے اقوام متحدہ ،عالمی برادری سے ڈوزیئر بھی شیئرکیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن کرتاہےاورالزام پاکستان پر لگاتا ہے ، اس حوالے سے ای یو ڈس انفو لیب کی رپورٹ سب کےسامنے ہے، بھارتی نیوی کا حاضر سروس افسر ہماری حراست میں ہے ،ہم بھارت کو ہر سطح پر بے نقاب کرتے رہیں گے۔