لاہور: عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کا مقدر رونا دھونا ہے اور یہ 2023 تک روتے ہی رہیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف سینیٹ الیکشن میں بھی کامیابی حاصل کرے گی، انشاء اللہ پی ٹی آئی سینیٹ میں اکثریتی پارٹی بنے گی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی اوپن بیلٹ کی مخالفت ان کے اندر کے خوف کو ظاہر کر رہی ہے، یہ ماضی میں نوٹوں کے ذریعے ووٹوں کی منڈیاں لگاتے رہے۔ اپوزیشن نے ہمیشہ سیاست میں شفافیت کی مخالفت کی ہے اور اب بھی یہ عناصر چمک کے ذریعے سینیٹ الیکشن کو داغدار کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اوپن بیلٹ کی مخالفت سے اپوزیشن جماعتوں کا دوغلا پن قوم کے سامنے آشکار ہو چکا ہے، عوام میں اپوزیشن جماعتوں کی ساکھ مکمل طور پر ختم ہوچکی ہے۔ اوپن بیلٹ پر اپوزیشن کو واویلا زیب نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے نتائج پر بھی ان لوگوں نے آنسو بہانے ہیں، پی ڈی ایم کا مقدر رونا دھونا ہے اور یہ 2023 تک روتے ہی رہیں گے۔