کے الیکٹرک موسم گرما میں کراچی کوبلا تعطل بجلی یقینی بنائے : نیپرا
اسلام آباد : کے الیکٹرک کا حکومت سے 1400 میگاواٹ بجلی خریداری کا معاہدہ طے
چیئرمین نیپرا نے کے الیکٹرک کی ماہانہ اورسہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ، کے الیکٹرک حکام نے بتایا کہ حکومت سے 1400 میگاواٹ بجلی خریداری کا معاہدہ طے ہوگیا ہے جبکہ سوئی سدرن کیساتھ گیس خریدنے کا معاہدہ تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیپرا کی زیر صدارت کے الیکٹرک کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ ،سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ پر سماعت ہوئی ، سماعت میں کے الیکٹرک کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کے الیکٹرک موسم گرما میں کراچی کوبلا تعطل بجلی یقینی بنائے، موسم سرما میں بجلی تعطل کی شکایات پر سخت ایکشن لیا جائے گا ، کے الیکٹرک بجلی نظام میں مشکلات سے نیپرا کو آگاہ رکھے تاکہ نیپرا دیگرسرکاری اداروں سے مشکلات کے حل میں مدد کرسکے۔
حکام کا کہنا تھا کہ 2023 سے 1400 میگاواٹ بجلی این ٹی ڈی سی سے حاصل ہوگی جبکہ کےالیکٹرک سوئی سدرن کیساتھ گیس خریدنےکامعاہدہ تیارہے، سوئی سدرن کو مستقل طور پر مطلوبہ گیس فراہمی میں مشکلات ہیں، سوئی سدرن کے علاوہ نجی شعبے سےگیس خریدنے پر غور کیا جارہا ہے۔
کے الیکٹرک حکام نے کہا کہ موسم گرمامیں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے اور موسم برسات کیلئے ایک نیا پلان ترتیب دیا جا رہا ہے۔