لاہور : ہمیں 20 پولنگ اسٹیشنز میں نہیں پورے حلقے میں دوبارہ الیکشن چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ ہمیں 20 پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ الیکشن نہیں چاہیے، ہمیں پورے حلقے میں دوبارہ الیکشن چاہیے۔
مریم نواز نے حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کیے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ رہا ہوگا تو ہم ایک اور ایک گیارہ ہو جائیں گے۔
انہوں نے این اے 75 سیالکوٹ ون میں دوبارہ الیکشن کرانےکا مطالبہ بھی کیا، حکومت نے ڈسکہ میں منظم دھاندلی کی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ کون کون دھاندلی میں ملوث ہےوہ سب جانتی ہیں، یہ سچ بتادیں ورنہ حقائق سامنے لانے پڑیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ چھ چھ گھنٹے پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ معطل رہی، ووٹرز کو پولنگ سست کرکے ووٹنگ کے عمل سے باہر رکھا گیا۔
ان کاکہنا تھا کہ سیالکوٹ میں پریزائیڈنگ افسران کے اغوا میں ملوث افراد کے نام ہمارے پاس آچکے ہیں، صرف ای سی پی کے ثبوت سامنے آنےکا انتظار ہے ، اگر حقیقت سامنے نہ لائی گئی تو وہ لے آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین اور ایم این اے بھاگ رہے ہیں، بغاوت ہوچکی ہے، ضمنی الیکشن میں جو کچھ ہوا اسے پورا ایکسپوز کریں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق میرا اصولی موقف ہے، سینیٹ الیکشن سے متعلق قانون میں ترمیم جعلی حکومت نہیں پارلیمنٹ کرسکتی ہے، عمران خان کی حکومت کو ہر موڑ پر رسوائی کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے نوشہرہ میں بھی مسلم لیگ نون کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیا ہے۔
حمزہ شہباز کی ضمانت سے متعلق بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پارٹی کے لیے حمزہ نے قربانیاں دی، پارٹی کے ساتھ کھڑا رہا۔
مریم نواز نے کہا کہ براڈ شیٹ جعلی حکومت کو بے نقاب کر رہا ہے، نواز شریف سے پیسے نکلوانے گئے لیکن لینے کے دینے پڑ گئے۔
انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو آٹا، چینی بجلی چوروں نے نقصان پہنچایا ہے، پاکستان کے عوام کے پیسے انہوں نے انتقام کی نذر کیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں 20 پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ الیکشن نہیں چاہیے، ہمیں پورے حلقے میں دوبارہ الیکشن چاہیے، حکومت نے ڈسکہ میں منظم دھاندلی کی ہے۔