کوئٹہ : پاکستان پر جارحیت مسلط کی گئی تو جواب میں سرپرائز ہی ملے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پاک فضائیہ کی جانب سے بھارتی طیارہ مار گرانے کے واقعے کو دو سال مکمل ہونے پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ مسلح افواج کو مبارکباد اور سلام پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 27 فروری 2019 کو پاکستان فضائیہ کے شاہینوں نے بھارتی جنگی طیارے تباہ کر کے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پاک فضائیہ کے شاہینوں کی شجاعت اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے رہیں گے۔ ملک کے ناقابل تسخیر دفاع میں پاکستان ایئر فورس کا کردار انتہائی اہم ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ فضائیہ کے شاہینوں نے غیور قوم کے شانہ بشانہ دنیا پر ثابت کیا کہ وہ ہر قیمت پر مادر وطن کے چپے چپے کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔
جام کمال کا کہنا تھا کہ ہمارا ازلی دشمن جارحانہ عزائم رکھتا ہے، جو خطے کے امن اور استحکام کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے۔ ہماری افواج نے جراتمندی اور پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ پاکستان امن پسند ریاست ہے، تاہم جب بھی جارحیت مسلط کی گئی تو دشمن کو جواب میں سرپرائز ہی ملے گا۔