کراچی : سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی اراکین منحرف ارکان پر ٹوٹ پڑے۔
اسمبلی میں دھکم پیل اور ہاتھا پائی نے کریم بخش کو ارادہ بدلنے پر مجبور کردیا۔
سندھ میں سینیٹ انتخابات سے قبل درجہ حرارت عروج پر پہنچ گیا ہے، پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کریم بخش گبول، شہریار شر، اسلم ابڑو ایوان میں آئے تو حکومتی اراکین نے استقبال کیا، پی ٹی آئی اراکین منحرف ارکان پر سیخ پا ہوگئے اور اپنے ہی اراکین پر چڑھائی کردی، جنہیں بچانے کے لیئے پی پی اراکین بھی میدان میں آگئے۔
اس دوران اراکین کے درمیان دھکم پیل اور ہاتھا پائی ہوئی، ارکان نے ایک دوسرے کے کپڑے پھاڑ ڈالے۔ ایک دوسرے کو اٹھا اٹھا کر زمین پر پٹخ دیا۔ مرد ارکان لڑتے رہے، جبکہ خواتین ویڈیو بناتی رہیں۔ شرمیلا فاروقی ایوان سے بھاگیں اور سیکورٹی لے آئیں۔
جھگڑا سنگین ہوا تو پی ٹی آئی کے منحرف رکن کریم بخش گبول نے کہہ دیا کہ میں پیپلز پارٹی کو ووٹ نہیں دینا چاہتا، اسپیکر کو کل تک اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔
خرم شیر زمان کریم بخش کو اپنے ساتھ لے گئے، لیکن اسلم ابڑو اور شہریار شر پیپلز پارٹی کے ارکان کے ساتھ موجود رہے۔