کراچی: پی آئی اے کا طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات روکنے کیلئے بڑا اقدام
سال 2021 میں اب تک پی آئی اے کے 66 طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات ہو چکے ہیں۔
قومی ایئرلائن کے شعبہ کارپوریٹ سیفٹی نے طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات روکنے اور آگاہی کے لیے خصوصی سیفٹی ویک کا انعقاد کیا۔
پی آئی اے شعبہ کارپوریٹ سیفٹی کے زیر اہتمام ایک ہفتہ پر مشتمل سیفٹی ویک کا انعقاد کیا گیا، اس کا مقصد طیاروں سے پرندے ٹکرانے سے بچاؤ کے لیے عوام الناس میں آگاہی بیدار کرنا تھی، طیاروں سے پرندے ٹکرانے کی وجہ سے طیاروں اور مسافروں کو سنگین خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
اس مہم کے دوران ائرپورٹس کے گردو نواح میں کوڑا کرکٹ کی صفائی کے لیے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے دورے کئے گئے تاکہ طیاروں سے پرندوں کے ٹکراؤ کے ممکنہ خطرات کا سد باب کیا جا سکے۔
سیفٹی مہم کے دوران سول ایوی ایشن کے ساتھ ماحولیات اور حفاظتی امور سے متعلق اجلاس جبکہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں سیمینار ز کا انعقاد بھی کیا گیا۔
طیاروں سے پرندے ٹکرانا ایوی ایشن انڈسٹری میں ایک سنگین خطرہ گردانا جانا جاتا ہے۔ جس سے نہ صرف طیاروں بلکہ مسافروں اور ائر پورٹس کے گردو نواح میں رہائش پذیر آبادی کو بھی خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
طیاروں سے پرندے ٹکرانے کی وجہ سے پروازوں میں تاخیر بھی ہوتی ہے جو کہ ائر لائن کے لئے بھاری نقصان کا باعث بھی ہوتی ہے۔ پاکستانی ائر پورٹس پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس سال اب تک پی آئی اے کے 66 طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات ہو چکے ہیں۔
پی آئی اے کے کارپوریٹ سیفٹی ڈائریکٹوریٹ کے چیف کیپٹن محسن اوصاف نے اس مہم میں شرکت پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آئندہ اس مہم میں دیگر سٹیک ہولڈرز کو بھی شامل کیا جائے گا۔