دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں زمبابوے کو 45 رنز سے شکست
افغانستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی پچھاڑ دیا
دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں افغانستان نے زمبابوے کو 45 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
محمد نبی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40 رنز بنائے اور دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد نبی آل راؤنڈ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار پائے۔
ابو ظبی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کی، پہلی وکٹ 9 رنز پر گری، دوسری وکٹ پر کریم جنت اور عثمان غنی کے درمیان 102 رنز کی شراکت ہوئی، عثمان غنی نے 49 اور کریم جنت نے 53رنز بنائے۔
تجربہ کار کھلاڑی محمد نبی نے صرف 15 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیلی، چار چھکے اور دو چوکے لگائے۔
افغانستان کا اسکور مقررہ اوورز میں 5 وکٹ پر 193رنز رہا، جواب میں زمبابوے کی بیٹنگ لائن کسی بھی موقع پر نہ سنبھل سکی۔
زمبابوے کے بیٹسمین مستقل طور پر پویلین جاتے رہے، ریان بُرل نے 40 رنز کی اننگز کھیلی، ٹیم اٹھارہویں اوور میں 148رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
راشد خان نے تین وکٹیں حاصل کیں، محمد نبی اور نوین الحق نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
45 رنز کی فتح کے ساتھ افغانستان نے زمبابوے کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں دو۔صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔