کبھی سندھ کے جزیرے اور کبھی اسپتال پر قبضہ، یہ تماشہ نہیں چلے گا
اسلام آباد: حکومت نے پہلے ہر چیز مہنگی کی اور اب علاج کو بھی مہنگا کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے اسپتالوں پر قبضے کی شدید مذمت کرتے ہیں، کبھی سندھ کے جزیرے اور کبھی سندھ کے اسپتال، یہ تماشہ نہیں چلے گا۔ سندھ حکومت این آئی سی وی ڈی، جے پی ایم سی اور این آئی سی ایچ بہترین طریقے سے چلا رہی ہے۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ اندرون اور بیرونِ ملک سے لوگ بہترین علاج کے لیئے کراچی کے اسپتالوں میں آتے ہیں، ان اسپتالوں میں غریب اور متوسط طبقے کے لیئے مفت اور معیاری علاج ہوتا ہے۔ اسپتالوں کی نجکاری کرکے مفت علاج کی سہولت چھینی جا رہی ہے۔ پہلے ہر چیز مہنگی کی اور اب علاج کو بھی مہنگا کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پمز اور پولی کلینک اسلام آباد کا کیا حل نکالا ہے؟، آٹھ سالوں میں پی ٹی آئی حکومت نے خیبرپختونخواہ میں کتنے معیاری اسپتال قائم کیئے؟۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ملک کا ہر شعبہ متاثر ہو رہا ہے، عدالتی فیصلہ آنے سے پہلے غیر آئینی آرڈیننس کے ذریعے اسپتالوں پر قبضہ کیا جا رہا ہے۔