کراچی: مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔
سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون مرتضی وہاب کا فردوس عاشق اعوان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ فردوس عاشق اعوان کی پریس کانفرنس جھوٹ کا پلندہ تھی، فردوس عاشق صاحبہ پارلیمان اور وفاقی کابینہ میں رہنے کے باوجود قانون سے عاری ہیں۔ پیپلزپارٹی پر الزام لگانے سے قبل قانون کی کتاب کا مطالعہ بھی کر کرلیتی۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ فردوس صاحبہ آپکی حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ، حلیم عادل شیخ سے پوچھ لیتی کہ وہ اسلحہ برادر جتھے کے ساتھ درسانو چنہ ملیر کیا کرنے گئے تھے؟، فردوس عاشق پرامن پولنگ رکوانے کو جرم نہیں تو کیا نام دینگی ؟۔ فردوس عاشق اعوان کے نزدیک پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ کرنا جرم نہیں تو کیا ہے ؟، سرکاری اراضی کے غیر قانونی استعمال کو محترمہ کیا نام دینگی ؟
انہوں نے کہا کہ مگرمچھ کے آنسو بہانے کے بجائے قانون کی پاسداری کریں، پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔ کیا ہی اچھا ہوتا فردوس صاحبہ ملکی تباہ حال معیشت پر بھی لب کشائی فرما لیتیں !۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی آکر بھی آپ نے وزیراعظم کے اے ٹی ایمز کا دفاع کیا، آپکی حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ عوام پہلی بار دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔ آپ کی حکومت کسانوں سے لیکر عام آدمی کا استحصال کررہی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نااہلوں کے ٹولے نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، الیکٹیڈ نیازی سرکار یوٹرن کے سہارے زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتی۔