ہم نے جو وعدہ کیا تھا غریب عوام سے وہ پورا کیا
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت قانون کی بالادستی کیلئے تاریخی جنگ لڑرہی ہے
عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم نے جو وعدہ کیا تھا غریب عوام سے وہ پورا کیا۔ مشکل حالات کے باوجود اللہ کا حکم ہے کہ ہم اس راستے پر چلے، موجودہ حکومت قانون کی بالادستی کیلئے تاریخی جنگ لڑرہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا احساس’’کوئی بھوکانہ سوئے‘‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پروگرام شروع کرنے پر پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، کوئی بھوکا نہ سوئے کی تجویز ثانیہ نشتر کو دی تھی، ثانیہ نشتر کو بھی مبارکباد دیتا ہوں، اس پروگرام کو مرحلہ وار فروغ دیا جائے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مستحق، پسماندہ طبقہ اس پروگرام سے مستفید ہوگا، اس پروگرام کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلایا جائے گا، چاہتا تھا حکومتی نمائندگان، وزرائے اعلیٰ میں احساس پیدا ہوا، موبائل کچن پروگرام سے غریب کو کھانا فراہم کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست سب سے بڑی قوم بن کر ابھری تھی، ہمارے حالات مشکل ہیں قرضے بڑھے ہوئے ہیں، ہم نے جو وعدہ کیا تھا غریب عوام سے وہ پورا کیا۔ مشکل حالات کے باوجود اللہ کا حکم ہے کہ ہم اس راستے پر چلے، جہاں جہاں بھوکے لوگ ہیں وہاں سروس فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کی طرف سے غریب روٹی کھائیں گے تو پاکستان میں برکت آئے گی، پاکستان زیادہ خیرات دینے والے چند ملکوں میں شامل ہے۔ موجودہ حکومت قانون کی بالادستی کیلئے تاریخی جنگ لڑرہی ہے، سیلانی ٹرسٹ کی رفاعی کاموں میں گران قدر خدمات ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ شوکت خانم اسپتال کو چلانا مشکل کام تھا، شوکت خانم اسپتال میں 90 فیصد مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔ ہر شہری کے پاس ہیلتھ کارڈ موجود ہوگا، عام آدمی ہیلتھ کارڈ کے ذریعے اسپتال سے بہترین علاج کراسکے گا۔