نئی دلی: بھارت میں عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پابندیاں سخت کردی گئیں
نئی دلی میں رات کے کرفیو کی خلاف ورزی پر 2 ہزار 484 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے شہر نئی دلی میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے 16ہزار 699 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ اس وائرس سے 112اموات ہوئیں۔
دوسری جانب کانگریس رہنما رندیپ سنگھ سرجیوالا کا بھی کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق متعدد سرکاری دفاتر میں 50 فیصد اسٹاف کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات میں اسپتالوں میں جگہ کی کمی کے باعث ایمبولینس کی لمبی لائن لگی ہوئی ہے جس میں مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے جب کہ دوسری جانب ڈاکٹرز کی جانب سے گجرات کے وزیراعلیٰ کو خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر صورتحال ایسی ہی رہی تو اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ کیسز مں اضافے کے باعث بھارت میں اسپتالوں اور طبی عملے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، متعدد ریاستوں میں آئی سی یو بیڈز سمیت آکسیجن سلینڈر کی شدید قلت ہے اور اسپتالوں میں مریضوں کے لیے بھی جگہ کی کمی کا سامنا ہے۔